میسور و، 23؍اپریل(ایس او نیونیوز) اپوزیشن لیڈر سدارامیا جب برسر اقتدار تھے انہوں مجھے جیل بھیجنے کی بھرپور کوشش کی تھی۔ یہ الزام سابق وزیراعلیٰ ہچ ڈی کمارسوامی نے لگایا ہے۔
بروز جمعرات میسورو میں انہوں نے کہاکہ بارہ برس قبل بی جے پی والے میرے خلاف دو مقدمات درج کئے تھے۔ انہی سدارامیا نے 2008 میں جب بی جے پی نے آپریشن کنول کیا تھا اس موقع پر بی جے پی والوں کے ساتھ ہاتھ ملالیا تھا۔ اسی طرح لوک سبھا انتخابات میں بھی کونسا حلقہ بی جے پی کیلئے چھوڑ دینا ہے اس بارے میں بھی سدارامیا نے معاہدہ کرتے ہوئے پیسہ حاصل کیا تھا۔ مگر ملکارجن کھرگے دہلی نہیں جاتے تو یہ بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کرنا شروع کردیتے۔
کمار سوامی نے بلڈوزر چلائے جانے کے معاملہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ دہلی میں غیر قانونی تعمیر کی گئی عمارتوں پر بلڈوزر چلایاگیا۔ اسی طرح کرناٹک میں بھی غیر مجاز مکانات اور عمارتوں پر بلڈوزر چلائے جانے کے سلسلے میں مشورے دیئے جارہے ہیں۔ اس پر کمار سوامی نے کہاکہ بنگلورومیں کتنے اور کون کونسی غیر قانونی عمارتیں ہیں۔ اس کی جانکاری میں دوں گا۔ کیا بی جے پی والے اور وزیراعظم نریندر مودی میری جانکاری کی بنیاد پر ان تمام عمارتوں اور مکانوں کو منہدم کردیں گے؟ میسور میں بھی بہت ساری غیر قانونی عمارتیں ہیں جس کی نشاندہی میں کرسکتا ہوں اگر بی جے پی میں طاقت ہے تو ان کی غیر قانونی عمارتوں پر بلڈوزر چلاکر دکھائے۔
کمارسوامی نے مزید کہاکہ جو لوگ فساد میں ملوث ہوکر تشدد بھڑکائے ان کی جائیداد زمین بوس کئے جانے سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ اس سے بہتر یہ ہے کہ حکومت تشدد کرنے والوں کی جائیداد اپنی تحویل میں لے لے۔ جن لوگوں نے فساد کے وقت دولت لوٹی اور آگ لگائی ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔